کمپالا۔12اگست (اے پی پی):یوگنڈا میں بارش کے باعث کوڑے کرکٹ کے بہت بڑے ڈھیر کے سرکنے اور لوگوں پر گرنے کے باعث مرنے والوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے ۔روئٹرز کے مطابق حالیہ ہفتوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی واحد کچرا ٹھکانے لگانے کی جگہ یا لینڈ فِل سائٹ پر ایک بہت بڑا ڈھیر جمعہ کو منہدم ہو گیا تھا۔اس ڈھیر کی وجہ سے بہت سے قریبی مکانات دب گئے تھے جس میں اس وقت لوگ سو رہے تھے۔ یوگنڈا پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ 14 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے تاہم اب بھی بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لیے ریسکیو ورکرز آپریشن کر رہے ہیں ۔
ریڈ کراس نے کہا ہے کہ بے گھر افراد کے لیے آس پاس ٹینٹس لگا دیے گئے ہیں۔دارالحکومت کمپالا میں کچرا ٹھکانے لگانے کا یہ واحد مقام ایک بڑے پہاڑ جیسا بن گیا تھا۔مقامی افراد کی جانب سے متعدد بار یہ شکایت کی جاتی رہی ہے کہ خطرناک فضلہ ماحول کو آلودہ کر رہا ہے اور رہائشیوں کے لیے خطرہ ہے۔صدر یووری موسیوینی نے وزیراعظم کو ہدایت کی ہے کہ وہ کچرے کے ڈھیر کے قریب مقیم تمام افراد کے انخلا کو یقینی بنائیں۔ یوگنڈا کی حکومت نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور کہا ہے کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔