یوگو سلاویہ کے سابق صدر کی طرح نیتن یاہو کو بھی جنگی جرائم کےمقدمے کا سامنا کر پڑے گا، ترک صدر

152
Turkish president
Turkish president

استنبول۔5دسمبر (اے پی پی):ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف غزہ میں بمباری کرنے پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے گا۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز استنبول میں او آئی سی کمیٹی سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف غزہ میں مسلط کردہ جارحیت کی بنیاد پر جنگی جرائم کا مقدمہ بنے گا ۔

انہوں نے سرائیل کے حامی اور اس کی مدد کرنے والے مغربی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک جو اسرائیل کی حمایت میں کھڑے ہیں وہ فلسطینی بچوں کے قتل کے لئے اسرائیل کوغیر مشروط ا مداد فراہم کر رہے ہیں اور اس طرح یہ سب ملک بھی اسرائیلی جنگی جرائم میں شریک ہیں۔ترک صدر نے یوگو سلاویہ کے سابق صدر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہیں جنگی جرائم کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا نیتن یاہو کو بھی کر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ فلسطینیوں کی اموات کو نظر انداز کرتے ہیں ان کے پاس انسانیت کے لئے کچھ نہیں ہے ، یہ اندھے اور بہرے ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ ہمیں اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے فریم ورک کا جائزہ لینا چاہیےنیز اسرائیل کے جوہری اسلحے کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں اب تک 15500 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 6500 سے زیادہ فلسطینی بچے ہیں۔اسرائیلی بمباری میں زخمی فلسطینی شہریوں کی تعداد 42 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ 80 فیصد فلسطینی بے گھر ہو گئے ہیں۔