یو اے ای نے 6 ماہ میں 2562 میڈیا لائسنس جاری کر کے عالمی میڈیا مرکز بننے کے سفر میں اہم سنگ میل عبور کر لیا

ابوظہبی ۔24جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے عالمی میڈیا مرکز کے طور پر بھی اپنی حیثیت مستحکم کرنے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 2562میڈیا لائسنس اور اجازت نامے جاری کیے ہیں ، متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی قومی میڈیا کونسل کے چیئر مین عبداللہ بن محمد بن …

ابوظہبی ۔24جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے عالمی میڈیا مرکز کے طور پر بھی اپنی حیثیت مستحکم کرنے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 2562میڈیا لائسنس اور اجازت نامے جاری کیے ہیں ، متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی قومی میڈیا کونسل کے چیئر مین عبداللہ بن محمد بن بطی الحمیدکی زیر صدارت کونسل کے دوسرے بورڈ اجلاس میں کونسل کی ششماہی کارکردگی، مستقبل کی پالیسیوں اور میڈیا شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ جاری کردہ میڈیا لائسنسز میں 2,152 روایتی میڈیا لائسنس، 235 سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کے لیے، 103 فلمسازی کے پرمٹ اور 72 اخبارات و میگزینز کے لائسنس شامل ہیں، جو میڈیا انڈسٹری کی وسعت کا ثبوت ہیں۔میڈیا کونسل کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران پانچ لاکھ سے زائد کتابوں کے عنوانات پر کام ہوا، جبکہ 35 ہزار کتابیں مقامی مارکیٹ میں تقسیم کی گئیں۔ اس دوران 32 کتابوں پر ملکی اقدار سے متصادم ہونے کی وجہ سے پابندی عائد کر دی گئی۔اسی طرح فلمی صنعت بھی پیچھے نہ رہی۔ 611 فلموں کو اسکریننگ کی منظوری دی گئی جن کی مجموعی ٹکٹ فروخت 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی اور ان سے 309 ملین درہم کی آمدنی ہوئی۔

131 ویڈیو گیمز بھی مارکیٹ میں متعارف کرانے کی اجازت دی گئی۔اجلاس میں میڈیا ریگولیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نئے قانون سازی فریم ورک پر بھی غور کیا گیا۔ اس حوالے سے کونسل نے ایک نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی تیاری کا عندیہ دیا جو معروف کمپنی "Presight” کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس سسٹم میں مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیٹا اینالیسز کو استعمال میں لا کر لائسنسنگ، مواد کی نگرانی اور فوری ردعمل کو مؤثر بنایا جائے گا۔

عبداللہ بن بطی الحمید کا کہنا تھا کہ قیادت کی ہدایات پر مبنی حکمت عملی کے تحت ایسا لچکدار اور مؤثر میڈیا ماڈل تیار کیا جا رہا ہے جو عالمی رجحانات سے ہم آہنگ ہو۔ ان کے بقول، تخلیقی معیشت کو ملکی ترقی کا مرکزی جزو بنانے کے لیے یہ اقدامات نہایت اہم ہیں اور آئندہ مرحلے میں بین الاقوامی شراکت داریوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔اجلاس میں کئی اہم حکومتی اور میڈیا اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے، جن میں راس الخیمہ، ابوظہبی، شارجہ، عجمان اور وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ عہدیداران شامل تھے۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔