یکساں صفائی نظام نافذ کرنے سے شہریوں کو براہ راست ریلیف ملے گا، ڈپٹی کمشنر

73

ملتان ۔ 18 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ستھرا پنجاب مہم کے ذریعے شہری و دیہی علاقوں میں یکساں صفائی نظام نافذ کیا ہے جس سے شہریوں کو صفائی کے حوالےسے براہ راست ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان میں صفائی نظام کی مکمل آئوٹ سورسنگ 22 فروری تک مکمل کرلی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حکام اور کنٹریکٹرز کی مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالزراق ڈوگر نے بریفننگ دی جبکہ

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے تمام ٹھیکیداروں کو فیلڈ آپریشن شروع کرنے کیلئے 22 فروری کی حتمی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ۔صفائی آپریشن شروع نہ کرنے والی کمپنیوں کو سخت پیلنٹی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں نئی لینڈ فل سائٹس اور ٹرانسفر سٹیشن بنائے جائیں اور عوام کی آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ جلالپور پیر والا اور شجاع آباد میں ون ٹائم کلیننگ آپریشن فوری شروع کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

اس موقع پر سی ای او نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام کنٹریکٹرز صفائی نظام میں نئی مشینری اور افرادی قوت شامل کررہے ہیں جس سے ضلع بھر میں صفائی کے حوالے سے واضح تبدیلی دکھائی دے گی۔