مانچسٹر ۔ 16 جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا، پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں روایتی حریف کے ہاتھوں شکستوں کی روایت توڑنے میں ناکام رہی، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 336 رنز بنائے، روہت شرما نے 32 رنز پر چانس ملنے کے بعد ڈٹ کر گرین شرٹس کے باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور 140 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، کوہلی 77 اور راہول 57 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، عامر نے 3 شکار کئے، جواب میں پاکستانی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 35 اوورز میں 6 وکٹوں پر 166 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، کافی انتظار کے بعد جب بارش رکی تو گرین شرٹس کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کامیابی کیلئے 40 اوورز میں 302 رنز کا ہدف دے دیا گیا، گرین شرٹس مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 212 رنز تک محدود رہی، پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی ایک بار پھر مایوس کن اور بدترین رہی، فخر زمان کے سوا کوئی بھی کھلاڑی حریف باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، فخر 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، سینئر بلے باز حفیظ 9 اور شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو مانچسٹر میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 22ویں میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ مہنگا ثابت ہوا،