2025ء چین کی فلمی تاریخ میں اینیمیٹڈ فلموں کا سنہرا سال، باکس آفس آمدنی ریکارڈ سطح پر

بیجنگ۔21دسمبر (اے پی پی):چین کی فلمی تاریخ میں سال 2025 اینیمیٹڈ فلموں کے لیے ایک تاریخی اور ریکارڈ ساز سال ثابت ہوا ہے۔ نیٹ ورک پلیٹ فارمز سے حاصل شدہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال چین میں اینیمیٹڈ فلموں کی مجموعی باکس آفس آمدنی 25 ارب یوان سے تجاوز کر گئی ہےجو ملک کی فلمی تاریخ میں اس صنف کا اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ اعدادوشمار کے …

بیجنگ۔21دسمبر (اے پی پی):چین کی فلمی تاریخ میں سال 2025 اینیمیٹڈ فلموں کے لیے ایک تاریخی اور ریکارڈ ساز سال ثابت ہوا ہے۔ نیٹ ورک پلیٹ فارمز سے حاصل شدہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال چین میں اینیمیٹڈ فلموں کی مجموعی باکس آفس آمدنی 25 ارب یوان سے تجاوز کر گئی ہےجو ملک کی فلمی تاریخ میں اس صنف کا اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق، اینیمیٹڈ فلموں میں "نیژا 2″، "زوٹوپیا 2” اور "نوباڈی” نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باکس آفس پر بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان فلموں کی غیر معمولی مقبولیت نے چینی فلم مارکیٹ میں اینیمیٹڈ سنیما کی مضبوط حیثیت کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔ ادھر مجموعی طور پر 2025 میں چینی فلموں کی کل باکس آفس آمدنی 50.9 ارب یوان سے تجاوز کر چکی ہے جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ چین کی فلم مارکیٹ نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی تیزی سے اثر و رسوخ بڑھا رہی ہے۔

چینی مارکیٹ عالمی فلمی صنعت کے لیے بھی ایک بڑا تجارتی مرکز بن چکی ہے۔ امریکی اینیمیٹڈ فلم "زوٹوپیا 2” کی عالمی آمدنی ایک ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے، جس میں سے تقریباً نصف آمدنی چین کی مارکیٹ سے حاصل ہوئی۔ امریکی فلم انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق چین کی مارکیٹ اب عالمی فلمی صنعت کی ترقی کا ایک اہم محرک بن چکی ہے۔

متعدد غیر ملکی میڈیا اداروں نے "زوٹوپیا 2” اور "ایواتار 3” سمیت ہالی ووڈ فلموں کی چین میں غیر معمولی مقبولیت پر خصوصی توجہ دی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان چین کی فلم مارکیٹ کے کھلے پن، مضبوط تجارتی صلاحیت اور عالمی ناظرین کے لیے اس کی بڑھتی ہوئی کشش کا واضح ثبوت ہے۔