23واں فٹ بال ورلڈ کپ ،دو گول کرنے کے بعد کرسٹیانورونالڈو کا تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

پرتگال کے مایہ ناز فٹ بالر اور کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ میں ازبکستان کے خلاف 0-5 کی شاندار فتح میں 2 گول سکور کرنے کے بعد "میں واپس آ گیا ہوں” کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر تنقید کرنے والوں کو انہیں کبھی بھی کھیل سے باہر نہیں سمجھنا چاہیے

ہوسٹن۔24جون (اے پی پی):پرتگال کے مایہ ناز فٹ بالر اور کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ میں ازبکستان کے خلاف 0-5 کی شاندار فتح میں 2 گول سکور کرنے کے بعد "میں واپس آ گیا ہوں” کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر تنقید کرنے والوں کو انہیں کبھی بھی کھیل سے باہر نہیں سمجھنا چاہیے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق ہوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے چھٹے منٹ میں گول کر کے چھ مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بننے کا منفرد اعزاز حاصل کیا اور ہاف ٹائم سے قبل ایک اور شاندار گول داغ کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی۔

حالیہ میچوں میں خراب فارم کی وجہ سے شدید دباؤ کا شکار رہنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہفتہ عوامی رائے اور تنقید کے لحاظ سے کھلاڑیوں اور خصوصاً کوچ کے لیے بہت مشکل تھا، لیکن میں گزشتہ 23 سال سے پیشہ ورانہ فٹ بال کھیل رہا ہوں اور جب بھی میرا وقت اچھا نہیں ہوتا تو لوگ کہتے ہیں کہ کرسٹیانورونالڈو بوڑھا ہو گیا اور اس کا کیریئر ختم ہو گیا، مگر میں نے اور میری ٹیم نے آج میدان میں اس کا بہترین جواب دے دیا ہے۔

پرتگال کے کوچ رابرٹو مارٹنیز نے کرسٹیانو رونالڈو کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انسان ہیں اور جذبات کا اظہار ان کا حق ہے، میں نے اپنے کیریئر میں کرسٹیانو رونالڈو جیسا محنتی اور آگے بڑھنے کی بھوک رکھنے والا کھلاڑی کبھی نہیں دیکھا۔ دوسری جانب ازبکستان کے کوچ اور سابق اطالوی ڈیفینڈر فیبیو کیناوارو نے رونالڈو کو فٹ بال کی تاریخ کے مضبوط ترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ ڈیفینڈر کے طور پر ڈی باکس کے اندر کرسٹیانو رونالڈو کو ایک سینٹی میٹر کا فاصلہ دینا بھی خودکشی کے مترادف ہے۔