صوبائی مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقی عثمان سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 تاریخ کشمیر کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج نے سری نگر میں اتر کر ریاست جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں میڈیا کو جاری بیان میں کیا
27 اکتوبر تاریخِ کشمیر کا سیاہ ترین دن ، بھارت نے کشمیریوں کی امنگوں کے خلاف قبضہ کیا، عثمان سیف اللہ خان

مزید خبریں
پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقی عثمان سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 تاریخ کشمیر کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج نے سری نگر میں اتر کر ریاست جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں میڈیا کو جاری بیان میں کیا۔عثمان سیف اللہ خان نے کہا کہ یہ دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ کشمیری عوام کی مرضی اور خواہشات کے برعکس ان پر جبراً تسلط قائم کیا گیا۔ تقسیم ہند کے اصولوں کے مطابق جغرافیائی محل وقوع اور 80 فیصد سے زائد مسلم آبادی کی بنا پر ریاست کا الحاق پاکستان سے ہونا ایک فطری امر تھا لیکن ڈوگرہ مہاراجہ نے عوامی امنگوں کے خلاف بھارت سے غیر قانونی الحاق کیا۔عثمان سیف اللہ خان نے کہا کہ گزشتہ 78 سالوں سے کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کو کبھی قبول نہیں کیا۔ لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا مگر تحریک آزادی آج بھی زندہ ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا واضح وعدہ کیا گیا تھا جس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے آئین کی شق 370 اور 35-A کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی کی اور وادی کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، پرامن اور دیرپا حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔







