لاہور۔18جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے گارڈن ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز،ایم پی اے عمر سہیل ضیا بٹ اور سینئر لیگی رہنما حافظ میاں نعمان بھی ا ن کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پرایم ڈی واسا غفران احمد نے منصوبے کی تکمیل بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
گارڈن ٹاؤن میں 450 ملین روپے کی لاگت سے تیار زیر زمین واٹر ٹینک 15 لاکھ گیلن پانی محفوظ کر سکے گا، علامہ اقبال ٹاؤن میں 612 ملین کی لاگت سے تیار واٹر ٹینک 15 لاکھ گیلن پانی محفوظ کر سکے گا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، سہولیات گھر کی دہلیز پر ملیں گی، گلی محلوں اور سڑکوں پر بارش کے بعد تالاب نہیں،صاف سڑکیں اور گلیاں ملیں گی، صوبائی دارالحکومت کے مختلف نشیبی علاقوں میں 10 زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں پراجیکٹس 90 روز میں مکمل ہوں گے ، لاہور کے نشیبی علاقوں کو ایسے زیر زمین واٹر ٹینکس منصوبوں سے کلیئر کیا جاسکے گا،بارشوں کے دوران ملحقہ علاقوں میں 2 فٹ تک پانی جمع ہو جاتا تھا، گارڈن ٹاؤن کے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو جاتا تھا۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے القادر ٹرسٹ کیس فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ایک کریمینل کیس میں سزا ہوئی ہے، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے اور اقامہ پر وزارت عظمی سے ہٹایا گیا،
اس وقت نواز شریف نے کہا کہ میں اپنا فیصلہ اللہ کی عدالت پر چھوڑتا ہوں، پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکنوں نے مشرف دور میں سخت مظالم سہنے کے باوجود ریاست کیخلاف کچھ نہیں کہا۔