افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا 2روزہ اجلاس 30مارچ سے چین کے صوبہ انہوئی میں منعقد ہو گا

415
افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا 2روزہ اجلاس 30مارچ سے چین کے صوبہ انہوئی میں منعقد ہو گا

بیجنگ۔28مارچ (اے پی پی):افغانستان کے حوالے سے افغانستان کے ہمسایہ ممالک پاکستان، ایران، روس، تاجکستان،ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ کا 2روزہ تیسرا اجلاس 30مارچ سے چین کے صوبہ انہوئی کے ضلع تونشی میں منعقد ہو گا۔

اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے پیر کو بریفنگ کے دوران کہا کہ اجلاس کی صدارت چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے جس میں پاکستان، ایران، روس، تاجکستان،ترکمانستان اور ازبکستان کے وزارائے خارجہ اور ان کے نمائندے شرکت کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ اجلاس افغانستان کے مسئلے پر ہمسایہ ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گا جبکہ اجلاس میں افغانستان میں استحکام کے فروغ اور افغان عوام کی مدد پر بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں چونکہ اس وقت صورتحال افراتفری سے نظم و نسق کی طرف ایک نازک تبدیلی میں ہے، افغان عوام کو اب بھی متعدد اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور انہیں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کے موقع پر چینی وزیر خارجہ وزرائے خارجہ اور افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان مذاکرات کی میزبانی بھی کریں گے اور اجلاس میں انڈونیشیا اور قطر کے وزرائے خارجہ کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں اقتصادی تعمیر نو کی بنیادی ذمہ داری مؤثر طریقے سے ادا کرے۔ واضح رہے کہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے پہلے اجلاس کی صدارت 8ستمبر 2021کو پاکستان نے کی تھی جبکہ دوسرا اجلاس 27اکتوبر 2021 کو ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہوا تھا ۔