نوجوان پاکستانی کوہ پیمائوں کی کامیابیوں کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوان پاکستانی کوہ پیمائوں کی کامیابیوں کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے کی ضرورت زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا مثبت تاثر قائم کرنے کیلئے نوجوان پاکستانی کوہ پیمائوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے، نوجوان کوہ پیما اپنا امیج بہتر بنانے اور معروف کمپنیوں کی اسپانسر شپ راغب کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی کوہ پیمائوں شہروز کاشف، سرباز خان اور عبدالجوشی کی ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو ان سے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ، الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) کے صدر اور سیکرٹری اے سی پی نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے پاکستان کے کوہ پیمائوں کی کوہ پیمائی کے انتہائی چیلنجنگ اور مہم جوئی کے کھیل میں شاندار کامیابیوں کی تعریف کی اور ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ سے کہا کہ وہ نوجوان کوہ پیمائوں کو ان کے کیرئیر سازی اور ان کے لئے باقاعدہ آمدنی کا سلسلہ شروع کرنے کے لئے ان کی سرپرستی اور مدد کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان کوہ پیمائوں کیلئے ایک ماہر، تجربہ کار برانڈ مینیجر تعینات کیا جائے، کوہ پیمائوں کو قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی اسپانسر شپ حاصل کرنے میں مدد کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوان کوہ پیما پرائم منسٹر کے ڈیجیٹل اسکل پروگرام سے فائدہ اٹھائیں، وزارت بین الصوبائی روابط اور پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوان کوہ پیمائوں کو تمام ضروری مدد فراہم کریں۔