خوشی ہے کہ دنیا بھرمیں معلومات تک رسائی کاعالمی دن منایاجارہاہے، صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا”معلومات تک رسائی کے عالمی دن”کے موقع پرپیغام

176
خوشی ہے کہ دنیا بھر میں معلومات تک رسائی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا "معلومات تک رسائی کے عالمی دن" کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معلومات تک رسائی کے حق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد شہریوں کو باخبر فیصلے کرنے کا اختیار دے کر اور حکومتوں کو اپنے فیصلوں اور اعمال کے لئے جوابدہ بنا کر صحت مند، جامع اور باشعور معاشروں کی تعمیر کرنا ہے۔ 28 ستمبر 2022 کو "معلومات تک رسائی کے عالمی دن” کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ دنیا بھر میں معلومات تک رسائی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے تاکہ حکومت کے زیر انتظام معلومات تک رسائی کے کمیونٹیز کے حق کو تسلیم کیا جا سکے اور اس بارے آگاہی پیدا کی جا سکے جس کا مقصد شہریوں کو باخبر فیصلے کرنے کا اختیار دے کر اور ان کی حکومتوں کو ان کے فیصلوں اور اعمال کے لیے جوابدہ بنا کر صحت مند، جامع اور باشعور معاشروں کی تعمیر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال معلومات تک رسائی کا عالمی دن ’’مصنوعی ذہانت، ای گورننس اور معلومات تک رسائی‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ہمیں ای گورننس اور مصنوعی ذہانت کے اطلاق کے ذریعے شہریوں تک حکومت کے زیر انتظام معلومات تک رسائی کے بارے میں بات کرنے کا موقع فراہم کرنا، ای گورننس اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے فوائد و خطرات اور ڈیجیٹل دور میں معلومات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے پالیسی رہنما اصولوں پر غور و فکر کرنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ایک مضبوط اور باہم مربوط نقطہ نظر اپناتے ہوئے معلومات تک رسائی کے قانونی فریم ورک کو نافذ کرنے میں حکومتوں کے کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے جو اچھی حکمرانی، پائیدار ترقی، مضبوط جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ اس سے حکمرانی میں زیادہ شفافیت اور جوابدہی لانے میں مدد ملے گی جبکہ عوامی بھلائی کے لیے مضبوط اداروں کی تعمیر اور لچکدار، جامع اور علم پر مبنی معاشروں کی تعمیر کے لیے پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان نے معلومات تک رسائی کے حق کا ایکٹ 2017 نافذ کیا ہے تاکہ شہریوں کو باخبر فیصلے کرنے، انہیں جمہوری عمل میں شامل کرنے، معلومات حاصل کرنے اور پہنچانے کا حق فراہم کیا جا سکے اور کرپشن کی لعنت پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن میں ریاست اور حکومتی اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس ایکٹ کا فعال طور پر استعمال کریں، اور آرٹیکل 19A میں درج بنیادی انسانی حق کے طور پر معلومات تک رسائی پر پالیسی اور اصولی بات چیت میں حصہ لیں۔ ہمارے آئین کا مقصد باخبر، تعلیم یافتہ اور بااختیار شہریوں کی تیاری اور ایک زیادہ لچکدار، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کی تعمیر ہے۔