52 ویں ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ، تیسرےروزواپڈا اور آرمی کا پلڑا بھاری رہا

119
52 ویں ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ، تیسرےروزواپڈا اور آرمی کا پلڑا بھاری رہا

ملتان۔ 01 دسمبر (اے پی پی):52 ویں چار روزہ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2024 کے مقابلے آج تیسرے روز بھی جاری رہے۔ایونٹ کے تیسرے روز واپڈا اور آرمی کا پلڑا بھاری رہا۔چیمپئن شپ میں آج ملتان کے مختلف سٹیڈیمز میں میراتھون ،جیولن تھرو،ڈسکس تھرو،ہرڈلز ریس،ہیپتھلون و دیگر مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔مردوں کی میراتھون نیوی کے شعیب اختر نے اپنے نام کی۔

خواتین کی ڈسکس تھرو کا ٹائٹل آرمی کی فریال نے جیتا۔مردوں کی 3000 ایس سی میں محمد عرفان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔مردوں کی جیولن تھرو میں 13 ٹیموں نے حصہ لیا۔واپڈا کے یاسر سلطان نے اپنی تین تھرو میں سے بہترین تھرو 78.23 کرکے جیولن مقابلوں کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔جبکہ آرمی کے محمد ابرار 67.84 میٹرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

خواتین کے درمیان جیولن تھرو کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن بھی واپڈا کی فاطمہ حسین نے 43.65 میٹرز تھرو کرکے حاصل کی۔ہیپتھلون میں واپڈا کی ملہان 3156 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہیں۔واضح رہے کہ 2 دسمبر بروز سوموار چیمپئن شپ کے مقابلوں کا آخری روز ہے جس کے بعد پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوں کو میڈلز اور انعامات سے نوازا جائے گا ۔