وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا گوجرہ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ موٹروے سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ 28 مئی (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، ملک کے تمام علاقوں میں اربوں روپے سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے شرافت کی سیاست کی ہے، ہم نے کسی کی پگڑی نہیں اچھالی، ہم ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں، پاکستان کی ترقی اور خدمت …

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ 28 مئی (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، ملک کے تمام علاقوں میں اربوں روپے سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے شرافت کی سیاست کی ہے، ہم نے کسی کی پگڑی نہیں اچھالی، ہم ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں، پاکستان کی ترقی اور خدمت کی بات کرتے ہیں، ہمارے مخالفین جو نعرے لگا رہے ہیں وہ کام مسلم لیگ (ن) نے مکمل کر لئے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوجرہ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ موٹروے سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملتان۔فیصل آباد موٹروے سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، ترقی کے راستے کھولنا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا وژن تھا، ہم ان اقدامات سے ملکی معیشت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راجن پور، رحیم یار خان، گلگت، گوادر، سوات سمیت ملک کے کسی بھی علاقہ میں جائیں تو وہاں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، بجلی کے کارخانے، موٹرویز، ہائی ویز، ایئرپورٹس اور انڈسٹریل زون کی طویل فہرست ہے، ان منصوبوں کی تکمیل کا مقصد مضبوط پاکستان اور معیشت کو دوام بخشنا تھا، یہ کام صرف جمہوریت سے ممکن تھے، اس سے پہلے ہم نے آمریت کا دور بھی دیکھا لیکن اس میں کہیں ترقی دکھائی نہیں دی۔