صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود کا ویانہ میں مختلف تقریبات سے خطاب

اسلام آباد ۔31 مئی (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک بڑی معیشت کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے ۔ امن و سلامتی کے فروغ کے لئے ورلڈ آرڈر کی از سر نو تنظیم کی ضرورت ہے۔ جموں وکشمیر کے تنازعے کا حل پھر سے عالمی ایجنڈے پر رکھا جانا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار …

اسلام آباد ۔31 مئی (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک بڑی معیشت کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے ۔ امن و سلامتی کے فروغ کے لئے ورلڈ آرڈر کی از سر نو تنظیم کی ضرورت ہے۔ جموں وکشمیر کے تنازعے کا حل پھر سے عالمی ایجنڈے پر رکھا جانا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ویانہ میں مختلف تقریبات سے خطاب کے دوران کیا اور آسٹرین نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے زیر اہتمام میزبان آسٹرین تھنک ٹینکس سے گفتگو اور تبادلہ خیال کیا۔صدر آزاد جموں وکشمیر نے آسٹریا کے سابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر مائیکل اسپنڈ لیگر، صدر سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ ، ایمبیسڈر ایمل برکس، ڈپلومیٹک اکیڈمی کے سربراہ ، ڈاکٹر آدم لوپل، نائب صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر آف نیو یارک بیسڈ انٹرنیشنل پیس انسٹیٹیوٹ سے بھی ملاقاتیں کیں اور تبادلہ خیال کیا۔ صدر مسعود خان نے مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو پاک بھارت دو طرفہ مذاکرات پر زیادہ اعتماد نہیں ہے کیونکہ بھارت نے بار بار اپنے معاہدوں اور وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے اور وہ مکرو فریب سے کام لے کر دو طرفہ مذاکرات کی آڑ میں معاملہ کو طول دینے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق مسئلے کو حل کرنے سے گریزاں ہے۔