نگران وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم محمد یوسف شیخ کا این سی ایچ ڈی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی) نگران وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافے کے لئے این سی ایچ ڈی کا کردار قابل تعریف ہے، ملک میں غربت و بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے ہمیں رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر رسمی تعلیم پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ جمعہ کو وفاقی …

اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی) نگران وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافے کے لئے این سی ایچ ڈی کا کردار قابل تعریف ہے، ملک میں غربت و بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے ہمیں رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر رسمی تعلیم پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ جمعہ کو وفاقی وزیر نے قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ این سی ایچ ڈی کی چیئرپرسن رازینہ عالم خان نے وفاقی وزیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ این سی ایچ ڈی ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ اس وقت 3 لاکھ 55 ہزار طلباءاین سی ایچ ڈی کی جانب سے قائم کی جانے والی پانچ ہزار 949 فیڈر سکولوں میں زیر تعلیم ہیں جہاں ان پر 6 ہزار 581 اساتذہ رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ہم اس وقت دینی مدرسوں اور جیلوں میں بھی علم کی روشنی پھیلا رہے ہیں، ہمارے 100 مدرسہ سکولوں میں جو اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر میں کام ہو رہا ہے جہاں پر 3 ہزار 255 طلباءدینی تعلیم کے ساتھ ساتھ پرائمری تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 20 غیر رسمی سکول جائیکا کی مدد کے ساتھ اسلام آباد میں چل رہے ہیں جہاں پر 10 سے 14 سال کے بچے زیر تعلیمی ہیں۔ اس وقت 6 ہزار تعلیم بالغاں سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں جہاں ڈیڑھ لاکھ نادار اور ناخواندہ افراد تعلیم کے ساتھ فنی تعلیم بھی حاصل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین کثیر التعداد جماعتی تعلیمی نظام اور جدید تعلیم کے مسائل کو حل کر رہے ہیں اس ادارے میں ماہرین ایسے افراد کو تربیت دے رہے ہیں جو آگے کثیر التعداد تعلیمی نظام کے ساتھ اساتذہ کو تربیت دیں گے۔ وفاقی وزیر یوسف شیخ نے این سی ایچ ڈی کے پروگراموں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور این سی ایچ ڈی کے ملازمین و اعلیٰ انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے معاشرے کے محروم طبقے کی ترقی اور خود مختاری کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ این سی ایچ ڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن رازینہ عالم خان نے کہا کہ تعلیم ہی قوم کی ترقی اور شاندار مستقبل کی ضمانت ہے اور آج ہی سے ہمیں آنے والے کل کی تیاری رکھنی ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کی تعلیم پر پوری توجہ دیں تب ہی ہم ایک شاندار مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی سروے 2017-18ءکو دیکھتے ہوئے قومی سطح پر داخلے کی شرح 2016-17ءکے مقابلہ میں 48.062 لاکھ ہے جبکہ 2015-16 کے دوران 46.223 لاکھ تھی۔ اس سے معلوم ہوتا ہے 3.97 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ مزید 2017-18 میں 50.426 اضافے کی امید ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر صبا گل، ڈاکٹر سونوکھنگرانی اور وفاقی وزارت تعلیم و وزارت فنانس کے نمائندگان سمیت این سی ایچ ڈی کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔