اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وزات منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں واٹر ریسورس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے مجموعی طورپر اب تک 10 ارب 50 کروڑ84 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے دوران 77 ارب 99کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے چمن میں شانزلہ ڈیم کے لئے 2 کروڑ، بلوچستان پیکج کے لئے 32 کروڑ، نالہ ڈیک کی چینلائزیشن کے لئے 12 کروڑ، گوادر میں بسول ڈیم کی تعمیر کے لئے 16کروڑ، کوئٹہ میں منگی ڈیم کی تعمیر کے لئے 10کروڑ، چکوال میں غبیر ڈیم کے لئے 8کروڑ، پلئی اور کنڈل ڈیم کی تعمیر کے لئے 10 کروڑ، سندھ میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے لئے 20کروڑ، جامشورو دادو میں دراوڑ ڈیم کی تعمیر کے لئے 20کروڑ، سیہون، دادو اور ٹھٹھہ کے اضلاع میں رائٹ بینک کے توسیع منصوبے کے لئے ایک ارب 30 کروڑ، پنجاب میں اریگیشن سسٹم کی بہتری کے لئے 20 کروڑ، دادو میں نئی گج ڈیم کے لئے 40 کروڑ، منگا ڈیم پراجیکٹ کے لئے 50کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔