دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی پریس بریفنگ

112

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) پاکستان نے اجمل قصاب کے حوالے سے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کو جارحانہ بیانات سے احتراز کرنے اور سوچ کر بولنے کی ضرورت ہے، پاکستان کے صبر و تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، ایسی صورتحال میں آگے بڑھنا ممکن نہیں۔ امریکہ نے پاکستان کے انٹلیجنٹس معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف کئی کامیاب آپریشنز کئے ہیں جس میں یا تو دہشت گرد گرفتار ہوئے یا مارے گئے۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات چیت کیلئے تیار ہے لیکن بھارت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھارت پاکستان کے ساتھ بات چیت سے خود پیچھے ہٹ گیا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن جوابی رد عمل نہ ہونے سے آگے بڑھنا ممکن نہیں۔ ترجمان کہا کہ بھارتی دھمکیوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے۔ بھارتی آرمی چیف کو جارحانہ بیانات سے احتراز کرنے اور سوچ کر بولنے کی ضرورت ہے۔ ترجمان نے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی کے بیان کو مسترد کیا اور کہا کہ بھارت کوآئندہ انتخابات میں فائدہ کیلئے اپنے اندرونی مسائل میں پاکستان کو گھسیٹنا نہیں چاہیئے۔