اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسلام آباد کو پاکستان کا ہیلتھ سٹی بنائیں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، چار نئے ہسپتال جلد شروع کر دیئے جائیں گے جن میں قومی ادارہ برائے بحالی معذور افراد کی نئی عمارت کی بنیاد دسمبر میں رکھ دی جائے گی جس کے لئے دوست ملک کی طرف سے 10 ارب روپے بھی دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبہ میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں ڈاکٹرز زیادہ ہیں اور نرسیں کم ہیں، ایک نرسنگ یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے، یونیورسٹی کے لئے اڑھائی سو کنال زمین الاٹ ہو گئی ہے جس پر اگلے ماہ سے کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں مریضوں کا بہت زیادہ رش ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا رہتا ہے،ایک جنرل ہسپتال بھی بنانے جا رہے ہیں، یہ جنرل ہسپتال ترامڑی چوک پر بنایا جائے گا تاکہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کے لئے مشکلات کو کم کیا جا سکے، جو ہسپتال موجود ہیں ان کی ایکسٹیشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پمز کے کڈنی سینٹر کو نئے وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے اور انہیں نئے آلات اور مشینری بھی دی گئی ہے، 2019ءتک 50 فیصد خاندانوں کو صحت کارڈ دیں گے، پانچ لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس کی سہولیات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔