وزیراعظم عمران خان کا وزیراعظم آفس میں چار نئی ٹرینوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

53
APP93-23 ISLAMABAD: November 23 - Prime Minister Imran Khan addressing at the inaugural ceremony of new trains, at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان ریلوے کے سفر کو آسان، آرام دہ اور بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے سمیت سرکاری اراضی کو استعمال میں لاکر ملک کو مالی طور پر مزید مستحکم کیا جائے گا، قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کو سرکاری اراضی کمرشل اغراض و مقاصد کے لئے فراہم کی جا سکتی ہے، ایم ایل ون منصوبہ سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا اور سفر میں خاطر خواہ کمی آئے گی، پاکستان ریلوے سمیت تمام اداروں میں میرٹ پر بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے گا، ریلوے کی ترقی میں رکارٹ بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، قومی اداروں میں کرپشن اور سیاسی بھرتیوں کا بوجھ مہنگائی کی صورت میں عوام کو اٹھانا پڑتا ہے، سرکاری کارپوریشنز کی بحالی اور ترقی کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا جا رہا ہے، چین کے حالیہ دورے میں دونوں ممالک کے درمیان بے مثال معاہدے طے پائے ہیں، ملک دشمن عناصر پاک چین قریبی تعلقات، تاریخی معاہدوں اور سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزیراعظم آفس میں چار نئی ٹرینوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت و بلتستان امین گنڈاپور ، وزیراعظم کے ترجمان افتخار درانی سمیت کابینہ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔