وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

79
APP87-23 ISLAMABAD: November 23 – Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhry Fawad Hussain addressing a press conference. APP

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے سمگل شدہ فونز کے استعمال کی روک تھام کیلئے ڈی آئی آر بی ایس نظام رائج کرنے، ای سی سی کے فیصلوں کے مطابق چینی برآمد اور یوریا درآمد کرنے، عارف عثمانی کو نیشنل بینک کا صدر اور عبدالجبار شاہین کو ایکسپورٹ پروموشن زون اتھارٹی کے سربراہ کا اضافی چارج دینے کی منظوری دے دی ہے، وزیراعظم 28 نومبر کو کرتار پور ویزا فری داخلی پوائنٹ کھولنے کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ یہ باتیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے 13 ویں اجلاس کے آغاز میں کراچی میں چین کے قونصلیٹ پر حملے اور ہنگو میں دہشت گردی کے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کے اپنے سفر پر چلتا رہے گا، اسی تناظر میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو ٹیلیفون کر کے انہیں چینی قونصلیٹ پر حملے کے حوالے سے اعتماد میں لیا، پاک چین تعلقات ایسے واقعات سے متاثر نہیں ہوں گے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عارف عثمانی کو نیشنل بینک آف پاکستان کا صدر تعینات کرنے اور عبدالجبار شاہین کو ایکسپورٹ پروموشن زون اتھارٹی کے سربراہ کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی گئی۔