
اسلام آباد ۔ 26 نومبر(اے پی پی) رائل ملائیشین فضائیہ کے سربراہجنرل تان سری دتو ، سری حاجی آفندی بن بوآنگ نے پیر کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ترجمان پا ک فضائیہ کے مطابق ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ۔ رائل ملائیشین فضائیہ کے سربراہ جنرل تان سری دتو نے یادگارِ شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھا کر پاک فضائیہ کے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاںانہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائےرچےف مارشل مجاہد انور خان سے انکے آفس میں ملاقات کی جس میں دونوں سربراہان نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔جنرل تان سری دتونے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کو سراہا ۔ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے خود انحصاری کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیاجس کی بدولت دونوں فضائی افواج کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت ملنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔ رائل ملائیشین فضائیہ کے سربراہ پاک فضائیہ کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں ۔ وہ 27نومبر کو کراچی میں شروع ہونے والی آئیڈیاز 2018- میں بھی شرکت کریں گے ۔