ناسا کے روبوٹ ”اِن سائٹ“ کی مریخ کی سطح پر کامیاب لینڈنگ ، مشن 993 ملین ڈالر لاگت کی لاگت سے سات سال میں مکمل ہوا

143

پاسا ڈینا ۔ 27 نومبر (اے پی پی) خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا کا روبوٹ ”اِن سائٹ“ مریخ کی سطح پر اتر گیا ہے اس مشن کی ڈیزائننگ سے مریخ پر لینڈنگ میں سات سال لگے ہیں اور 993 ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔فرانسیسی اور برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق ناسا کی طرف سے مریخ کی سطح پر کامیابی سے اتارے جانے والے اس آٹھویں خلائی مشن کا مقصد مریخ کی ساخت اوراس کے معرض وجود میں آنے بارے تحقیق کے لئے معلومات فراہم کرنا ہے ۔ ان معلومات کے حصول کے لئے اس روبوٹ میں بے حد حساس زلزلہ پیما آلات موجود ہیں۔”ان سائٹ“ نے مریخ پر محفوظ لینڈنگ کے حوالے سے سگنل بھیجے جو زمین پر موصول ہوگئے۔اس موقع پر کیلیفورنیا میں واقع مشن کے کنٹرول روم میں موجود عملے نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ناسا کے رکن جم برائیڈن سٹائن نے خوشی کے اس لمحے کو حیرت انگیز دن قرار دیتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس نے ان سائٹ کی لینڈنگ کے مناظر ٹی وی پر دیکھے اور ناسا حکام کو فون پر مبارکباد دی ہے۔ان سائٹ مریخ کے ہموار الیسیئم پلینیشا نامی مقام پر لینڈ کیا ہے اور یہ سیارے کی سطع مرتفع کے قریب واقع ہے۔اس مقام کو بقول ناسا کے مریخ سیارے کی سب سے بڑی پارکنگ کہا جاتا ہے۔