وزیر مملکت برائے ریونیو محمد حماد اظہر کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب

95

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو محمد حماد اظہر نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت اور اس نظام کو مزید سہل بنانے کیلئے اس شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا، ٹیکس کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس دہندگان میں خوف و ہراس ختم ہو گا اور اس شعبہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی طرف سے حکومت کے مقرر کردہ ریونیو حاصل کرنے کے زیادہ اہداف نے ٹیکس دہندگان کیلئے مشکلا ت پیدا کیں ہیں ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ایف بی آر نے 12لاکھ ٹیکس دہندگان کو نوٹس جاری کر کے اچھا اقدام نہیں اٹھایا کیونکہ اس سے ٹیکس دہندگان کو پریشانی لاحق ہوئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت بتدریج ٹیکس نظام میں اصلاحات لانے کیلئے کام کر رہی ہے کیونکہ فوری اقدامات سے حکومت کیلئے ریونیو کے ذرائع متاثر ہو سکتے ہیں جس سے ملک چلانا مشکل ہو جائے گا۔