اسلام آباد ۔29 نومبر(اے پی پی)برطانیہ کے پاکستانی نژاد کونسلر اوربوروآف برینٹ لندن کے مئیرارشد محمود نے وزیراعظم عمران خان اورچیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے ملک میں پانی کی قلت پرقابوپانے کے سلسلے میں دیامربھاشا اورمہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کرنے کے اقدام کوسراہا ہے۔گزشتہ روز یہاں لندن میں فنڈ جمع کرنے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سمندرپاربالخصوص برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہری وزیراعظم اورچیف جسٹس آف پاکستان کے اس فیصلے کو سراہتے ہیں ، یہ ملکی کاز کیلئے اہم اقدام ہے اورہم سلسلے میں بھرپورتعاون کریں گے۔تقریب کا اہتمام ورلڈ کانگریس آف اورسیز پاکستانیز نے کیا تھا جس میں چیف جسٹس ثاقب نثارنے بھی شرکت کی۔ارشدمحمود، جن کا تعلق برطانیہ کی لیبر پارٹی سے ہے، نے بتایا کہ اورسیز پاکستانیز نے ہمیشہ اپنے پاکستانی بھائیوں کا ساتھ دیا ہے اورضرورت کے وقت میں انہیں ہر طرح سے امداد اورمعاونت فراہم کی ہے۔ ڈیم فنڈ کے معاملے میں بھی اورسیز پاکستانیز اپنا بھرپورتعاون کریںگے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کے دورہ برطانیہ اورڈیم کیلئے عطیات جمع کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا وطن ہے اورہم اپنے ملک کی ترقی اورخوشحالی کے متمنی ہے۔