اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) پاکستان پوسٹ نے بلینک سیونگ سرٹیفکیٹس کی بحالی اور بھرپور سطح کی مصنوعات اور سکیموں کی توسیع کے لئے سمری وزارت پوسٹل سروسز کو ارسال کر دی ہے۔ پاکستان پوسٹ کے سینئر حکام نے جمعرات کو ”اے پی پی“ کو بتایا کہ سمری وزارت پوسٹل سروسزکو بھجوائی گئی ہے تاکہ وزارت خزانہ سے حتمی منظوری کےلئے یہ سمری آگے بھجوائی جا سکے۔ اس حوالے سے سمری کا مسﺅدہ پوسٹل سروسز سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی خصوصی سفارشات پر وزارت پوسٹل سروسز کو بھجوایا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ بلینک سیونگ سرٹیفکیٹس کی بحالی سے مراکز قومی بچت کی طرف سے فراہم کردہ تمام سرٹیفکیٹس کی ڈاکخانہ جات میں دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے گا جس میں پاکستان پوسٹ بطور کمیشن پہلے کی طرح کام کرے گا۔