انقرہ ۔ 3 جنوری (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ مواقع کا حامل ملک ہے‘ موجودہ حکومت گورننس کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کو منافع بخش بنانے کے لئے پرعزم ہے‘ پاکستان اور ترکی کے …
وزیراعظم کا انقرہ میں ترکی کے معروف تاجروں اور سرمایہ کاروں کے اجتماع سے خطاب

مزید خبریں
انقرہ ۔ 3 جنوری (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ مواقع کا حامل ملک ہے‘ موجودہ حکومت گورننس کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کو منافع بخش بنانے کے لئے پرعزم ہے‘ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ وہ جمعرات کو انقرہ میں یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکی کے زیر اہتمام معروف تاجروں اور سرمایہ کاروں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر‘ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار ‘ مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد اور وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقارعباس بخاری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع ہیں تاہم مختلف وجوہات کی بناءپر ان سے مکمل طور پر استفادہ نہیں کیا جاسکاہے ۔ آنے والے سالوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے اسے فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے بڑے مواقع ہیں۔ پاکستان میں معدنیات اور بالخصوص تیل و گیس کے ذخائر کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے مزیدکہا کہ پاکستان کی سٹریٹجک پوزیشن بہت اہم ہے جو خطے کی بڑی منڈیوں کے سنگم پر واقع ہے اور مختلف علاقوں کو رابطہ کاری کی سہولت فراہم کر سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے چین کے تعاون سے اقتصادی راہداری کی تعمیر سے خطے کے ممالک کے لئے پیدا ہونے والے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے جارہے ہیں جہاں سرمایہ کاری اور کاروبار کے لئے بڑے مواقع پیدا ہوں گے۔ سی پیک منصوبے سے ملک میں زبردست کاروباری سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک میں مواقع اور بڑے امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گورننس سسٹم کو بہتر بنا رہے ہیں‘ ملک میں کاروبار کی لاگت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو منافع بخش بنایا جائے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو روزگار دینے کے لئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئندہ پانچ سالوں میں پچاس لاکھ گھر تعمیر کرے گی‘ یہ ایک بہت بڑا منصوبہ ہے‘ اس میں تعمیراتی کمپنیوں کے لئے بڑے مواقع ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں سیاحت کی ترقی کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے ایک انتہائی متنوع ملک ہے جہاں پرکشش قدرتی سیاحتی مقامات کے علاوہ مذہبی سیاحت کے بھی بڑے مواقع ہیں۔ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے نصف پاکستان میں ہیں جبکہ یہاں بدھ مت‘ سکھ اور ہندو مذاہب کے تاریخی مقامات کے علاوہ قدیم سندھ تہذیب کے آثار بھی موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترکی کی تحریک آزادی میں پاکستانی خطہ کے لوگوں نے بڑا کردار ادا کیا تھا۔








