اقوام متحدہ نے 70 سال قبل کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیالیکن وہ اب تک اس قرار داد پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی ہے وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور

اسلام آباد ۔ 05جنوری(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ 70 سال قبل اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بنیادی حق کو تسلیم کیا تھا لیکن طویل عرصے گزرنے کے باوجود وہ اب تک حق خود ارادیت کی قرار داد پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر …

اسلام آباد ۔ 05جنوری(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ 70 سال قبل اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بنیادی حق کو تسلیم کیا تھا لیکن طویل عرصے گزرنے کے باوجود وہ اب تک حق خود ارادیت کی قرار داد پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی خون ریزی سے چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہے، بھارت انسانی حقوق کی پامالی اور سفاکی کی روزانہ نئی مثالیں قائم کر رہا اور کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر مین نسل کشی کی بھارتی مہم میں 13 سے 25 سال کے نوجوانوں کو خصوصی طورپر نشانہ بنایا جارہا ہے اور گزشتہ سال سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی پوری دنیا پر بے نقاب ہو رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف با مقصد مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے اور بھارت کو کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دینا ہی ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے اپنے پیدائشی حق سے کسی صورت بھی دستبردار نہیں ہوں گے اور بھارت کی قابض افواج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے عزم کو کسی صورت میں کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنی تمام تر سفارتی، سیاسی اور اخلاقی کوششیں جاری رکھیں گے۔