15 فروری کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ موبائل فونز بلاک کر دئیے جائیں گے، ‘ وزیر مملکت برائے ریونیو

لاہور۔26 جنوری(اے پی پی )وزیر مملکت برائے ریونیو بیرسٹر حماد اظہر نے کہا ہے کہ 15 فروری کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ موبائل فونز بلاک کر دئیے جائیں گے،ہماری حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر کام کر رہی،آنے والے دنوں میں ریونیو کی شرح میں اضافہ ہو گا،وزیر اعظم نے کسٹمز میں میرٹ پر مزید بھرتیوں کی اجازت دے دی ہے ،ایف بی آر میں بھی ریفارمز لے کر …

لاہور۔26 جنوری(اے پی پی )وزیر مملکت برائے ریونیو بیرسٹر حماد اظہر نے کہا ہے کہ 15 فروری کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ موبائل فونز بلاک کر دئیے جائیں گے،ہماری حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر کام کر رہی،آنے والے دنوں میں ریونیو کی شرح میں اضافہ ہو گا،وزیر اعظم نے کسٹمز میں میرٹ پر مزید بھرتیوں کی اجازت دے دی ہے ،ایف بی آر میں بھی ریفارمز لے کر آ رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں واہگہ بارڈر پر ورلڈ کسٹمز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں کلکٹر لاہور فیض احمد، چیف کلکٹر کسٹم زیبا حئی اظہر و دیگر بھی شریک ہوئے ۔کسٹمز کے عالمی دن پر کسٹم بینڈ کی جانب سے مہمان خصوصی کو سلامی دی گئی۔وزیر مملکت حماد اظہر نے کہا کہ سمگلنگ کی وجہ سے بہت سے کاروبار بند ہوئے مگر آنے والے دنوں میں ملک کو اسمگلنگ فری ملک بنانے کے حوالے سے اقدامات کئے ہیں۔کسٹم کے افسر سول سروس میں سب سے قابل افسر ہیں اور وزیر اعظم نے کسٹمز میں میرٹ پرمزید بھرتیوں کی اجازت دے دی ہے جبکہ ایف بی آر میں بھی ریفارمز لے کر آ رہے۔انہوں نے کہا کہ امپورٹ اور ایکسپورٹ پر پاکستان کی معیشت کا انحصار ہے،ہماری حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر کام کر رہی ہے،آنے والے دنوں میں ریونیو کی شرح میں اضافہ ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منی بجٹ اصلاحات کیلئے لایا گیا جس سے لوگوں کو ریلیف ملے گا اور نئی نوکریاں پیدا ہوں گی،اس میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ موبائل فون رجسٹریشن میں کوئی توسیع نہیں کی جا رہی، پندرہ فروری کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ موبائل فونز بلاک کر دئیے جائیں گے، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے جلد نکل جائیں گے۔