وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیارکی غیر ملکی فنڈنگ کے منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے پیش نظر بڑے شہروں کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ بنایا جائے گا، کراچی کے ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبوں کو ترجیح دی گئی تاکہ شہر کی پبلک ٹرانسپورٹ کی ضروریات کو پورا …

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے پیش نظر بڑے شہروں کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ بنایا جائے گا، کراچی کے ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبوں کو ترجیح دی گئی تاکہ شہر کی پبلک ٹرانسپورٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو اسلام آباد میں غیر ملکی فنڈنگ کے منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، سیکرٹری منصوبہ بندی ظفر حسن اور وزارت کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی ملک کا ایک بڑا تجارتی مرکز ہے اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبوں کو اولین بنیادوں پر ترجیح دی جائے گی جس میں بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبہ، ریڈ ٹرانزٹ منصوبہ، گرین لائن اور کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اچھی طرح اندازہ ہے کراچی اور کوئٹہ جیسے بڑے شہروں کی عوام کو پینے کے صاف پانی اور سیوریج کے ناقص نظام جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہے، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ان علاقوں کے شہریوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ماحولیات، مواصلات، پینے کے صاف پینے اور توانائی کے شعبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک، اسلامی ترقیاتی بینک، جائیکا اور ایشیاء انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے کی جانے والی فنڈنگ اور ان کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا جس پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کے سماجی و اقتصادی اشاریے میں بہتری کیلئے ان غیر ملکی فنڈز سے مؤثر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔