سینیٹر فیصل جاوید کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن بہت کمزور ہے، اپنے مقدمات پر شور شرابہ کر رہی ہے، افغانستان میں امن و نیٹو افواج کے انخلاء کے حوالے سے امریکہ پاکستان سے مدد مانگ رہا ہے، عمران خان 22 سالہ جدوجہد کے بعد عوام کے ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم بنے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں …

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن بہت کمزور ہے، اپنے مقدمات پر شور شرابہ کر رہی ہے، افغانستان میں امن و نیٹو افواج کے انخلاء کے حوالے سے امریکہ پاکستان سے مدد مانگ رہا ہے، عمران خان 22 سالہ جدوجہد کے بعد عوام کے ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم بنے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کررہا ہے، 5 فروری کو یوم یکجہتی کمشیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے سخت رویہ اپنانے کا مقصد کسی نہ کسی طریقے سے ریلیف حاصل کرنا ہے، وہ اپنے مقدمات پر شور شرابہ کر رہے ہیں تاکہ کچھ نہ کچھ حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان سے نکلنے کے لئے پاکستان سے تعاون مانگ رہا ہے تاکہ افغانستان سے نیٹو افواج کو نکالا جا سکے، وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے کردار ادا کریں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان نے 22 سال قبل پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی اور وہ بڑے کٹھن راستے سے گزر کر عوام کے ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم بنے، انہوں نے نچلی سطح سے اپنی تحریک کا آغاز کیا جس میں وہ بالآخر کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کو جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی اور دنیا کو بتائیں گے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔