وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملائیشیا کے ایڈکٹو گروپ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملائیشیا کے ایڈکٹو گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ملائیشیئن ٹیلی کام کمپنی کے دو ارکان بھی شامل تھے۔ وفد کی قیادت چیئرمین ایڈکٹو گروپ داتک عزت کمال الدین کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ موجودہ حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے ہم آہنگی رکھتا ہے اور …

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملائیشیا کے ایڈکٹو گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ملائیشیئن ٹیلی کام کمپنی کے دو ارکان بھی شامل تھے۔ وفد کی قیادت چیئرمین ایڈکٹو گروپ داتک عزت کمال الدین کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ موجودہ حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے ہم آہنگی رکھتا ہے اور اس میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی کا پاکستان کے ٹیلی کام کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا حجم 150 ملین ڈالر ہے جسے 200 ملین ڈالر سے بڑھانے کا ارادہ ہے، پاکستان کے ٹیلی کام کے شعبہ میں بڑی گنجائش ہے اور حکومت کی آزادانہ سرمایہ کاری پالیسی اور مراعات اس حوالہ سے حوصلہ افزاء ہیں۔ وفاقی وزیر کو وفد کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ ملائیشیا کے بعد ملائیشیا کے کئی کاروباری وفود نے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔ وفد میں شامل ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے بھی بتایا کہ ان کے ملک کی صف اول کی دیگر کئی کمپنیاں بھی پاکستان میں کاروبار کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی تعاون خوشحالی کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری موجودہ حکومت کے ترجیحی شعبوں میں شامل ہے۔ انہوں نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام رواں سال مارچ میں ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، اس دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔