وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان میں خوش آمدید کہنے اور ان کے پرتپاک استقبال کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور وزیراعظم عمران خان بذات خود انہیں لینے ائیرپورٹ جائیں گے، تحریک انصاف کی حکومت دو سعودی شہروں کی تعمیر کے لیے …

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان میں خوش آمدید کہنے اور ان کے پرتپاک استقبال کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور وزیراعظم عمران خان بذات خود انہیں لینے ائیرپورٹ جائیں گے، تحریک انصاف کی حکومت دو سعودی شہروں کی تعمیر کے لیے سعودی عرب میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جمعہ کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان آمد پر فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شہزادے کے جہاز کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر پاکستان فضائیہ کے جہاز سہزادہ محمد بن سلمان کو سلامی دیں گے جبکہ ہوائی اڈے آمد پر انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سپریم کوآرڈینیشن کونسل قائم ہو گی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے جوائنٹ ورکنگ گروپ ملکر کام کریں گے، پاکستان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اس سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی قیادت کریں گے اور سعودی عرب کی جانب سے شہزادہ محمد بن سلمان اس کے سربراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاﺅس کی جانب سے معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا جس میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دونوں خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے درمیان باہمی تعاون کا ایک اہم اجلاس بھی ہو گا اور مختلف شعبوں میں دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کی ٹیم کے پاکستان آمد پر اربوں ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے اور گزشتہ حکومتوں کے ادوار کے مقابلے میں بڑی سرمایہ کاری کی جائے گی، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی امید ہے۔ چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنے دو نئے شہر آباد کرنا چاہتا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ان دو شہروں کی تعمیر کے لیے سعودی عرب میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ان دونوں منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب میں ایڈجسٹ کرنا موجودہ حکومت کی ترجیح ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں اور سعودی شہزادے محمد بن سلمان کا یہ دورہ ان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔