حیدر آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے نے 2 ارب 30کروڑ روپے زیادہ منافع کمایا ہے ، حیدرآباد اور کراچی کے درمیان ریل کار چلائی جائے گی ، ہم نے20 نئی ٹرینیں چلائی ہیں 20 مزید چلائیں گے،حیدرآباد ریلوے سٹیشن کی تعمیر و مرمت کے لیے 8کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں، تاجر و صنعت کار تعاون کریں …
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کاایوان صنعت وِ تجارت حیدرآباد میں استقبالیہ سے خطاب

مزید خبریں
حیدر آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے نے 2 ارب 30کروڑ روپے زیادہ منافع کمایا ہے ، حیدرآباد اور کراچی کے درمیان ریل کار چلائی جائے گی ، ہم نے20 نئی ٹرینیں چلائی ہیں 20 مزید چلائیں گے،حیدرآباد ریلوے سٹیشن کی تعمیر و مرمت کے لیے 8کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں، تاجر و صنعت کار تعاون کریں انہیں ہم مزید ٹرینیں اور مال بردار گاڑیاں دیں گے،23 مارچ کو جناح ٹرین کا افتتا ح ہو گا یہ ٹرین لیٹ ہو گی تو مسافر کا کرایہ واپس کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوانِ صنعت وِ تجارت حیدرآباد میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے نظام کا ماضی میں بیڑا غرق کیا گیا اب بہت سی انقلابی تبدیلیاں لارہے ہیں، ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع کی طرف ڈال دیا ہے، ریلوے نے اس مالی سال میں2 ارب30 کروڑ روپے زائد منافع کمایا ہے۔ وزیر ریلوے نے کہاکہ حیدرآباد اور کراچی کے عوام بالخصوص تاجر برادری کے لیے بہت جلد ریل کار چلائی جائے گی، اپ اینڈ ڈاون دو ریل کاریں ہوں گیں جو جلد ہی بلٹ ٹرین میں بھی تبدیل ہو جائیں گی یوں کراچی و حیدرآباد کے درمیان پہلی بلٹ ٹرین چلے گی، اس کے علاوہ مال بردار گاڑیاں بھی چلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو ہر طرح کی سہولیات دینا چاہتے ہیں، ہم نے ملک میں20 نئی ٹرینیں چلائی ہیں 20 مزید چلائیں گے جبکہ 23 مارچ کو جناح ایکسپریس کا بھی افتتاح ہوگا یہ ٹرین بروقت پہنچا کرے گی اور اگر تاخیر ہو گی تو مسافر کا کرایہ واپس کریں گے، اب ہم نے ایسا نظام وضع کردیا ہے کہ 90 دن قبل بھی ٹرین میں بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد ریلوے سٹیشن پر2 شاندار ایئر کنڈیشنڈ انتظار گاہیں بنارہے ہیں جو مستورات اور مردوں کے لیے الگ الگ ہوں گی جبکہ ایک ریسٹورنٹ بھی تعمیر ہو گا،ریلوے سٹیشن کی تزین و آرائش اور تعمیر و مرمت کے لیے ڈی ایس ریلوے کراچی کو8کروڑ 20 لاکھ روپے دیے ہیں اس سلسلے میں ایک کمیٹی یہاں کے ارکانِ اسمبلی ، ایوانِ تجارت و صنعت کے نمائندوںپر مشتمل بنائیں گے جو حیدرآباد ریلوے سٹیشن پر کام کی نگرانی کرے گی، یہاں سندھی ٹوپی و اجرک فروخت کرنے کی دکانیں بنائیں، حلوہ بھی فروخت کریں اور مسافروں کو کسی چیز کی کمی نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں ہماری حکومت نے 3 نئی ٹرینیں چلائی ہیں،مجھے یقین ہے کہ لاڑکانہ سمیت سندھ کے عوام وزیر اعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کی ایک ایک انچ زمین کی ہم حفاظت کریں گے، میں غریبوں کو تنگ کرنے کا حامی نہیں ہوں لیکن ریلوے زمین سے ناجائز قابضین کو ہٹانے کے لیے جو حکم دیا ہے اس کی تعمیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے تاجر و صنعت کار مالی تعاون کریں تو یہاں سے نئی ٹرین چلائی جاسکتی یا حیدرآباد کے لیے کسی بھی ٹرین میں بوگیاں بڑھائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے میں نئی آسامیوں کے لیے اشتہارات دیئے ہیں جس میں حیدرآباد کے نوجوان بھی شامل ہیں، ہم ریلوے ملازمین کے بچوں ، معذروں اور قابل افراد کو روزگار دیں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر شیخ رشید احمد رحمن بابا ایکسپریس کے زریعے حیدرآباد ریلوے سٹیشن پہنچے تو پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں اور ریلوے ملازمین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔








