وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف پٹیشن دائر کرے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ ان کے حق میں آنے والے عدالتی فیصلوں کا خیر مقدم کیا اور ماضی میں …

اسلام آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف پٹیشن دائر کرے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ ان کے حق میں آنے والے عدالتی فیصلوں کا خیر مقدم کیا اور ماضی میں عدلیہ اور معزز ججوں پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت حاصل کرنے کے باوجود شہباز شریف پر کرپشن کے الزامات موجود ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں، قومی احتساب بیورو (نیب) اور عدالتیں آزاد ہیں اور مستقبل میں شہباز شریف کے خلاف بھی فیصلے آئیں گے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان (ن) لیگ کی قیادت کا 30 سالہ احتساب چاہتے ہیں کیونکہ ان لوگوں نے اپنی حکومتوں کے ادوار میں بہت زیادہ کرپشن کی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف تمام مقدمات پاکستان پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں درج کیے گئے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اداروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ انتہائی مفید، موزوں اور تاریخی ہو گا، سعودی عرب پہلے سے ہی اقتصادی بحران کا سامنا کرنے پر پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے طویل عرصہ سے بھائیوں جیسے اچھے تعلقات ہیں، وزیراعظم عمران خان سعودی عرب، چین، قطر اور متحدہ عرب امارات کے دورے کر چکے ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو بھارت کے پاکستان پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو مسترد کرتا ہے، ہمارے دفتر خارجہ نے پہلے ہی بے بنیاد بھارتی الزامات پر شدید ردعمل دیا ہے۔