گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور کی مختلف وفود سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا معاشی پیکج پاکستان کیلئے تحفہ ہے جو ملک کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ محبت اور بھائی چارے کی نئی مثال قائم کردی ہے، سعودی سر مایہ کاری سے پاکستان کو بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بے …

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا معاشی پیکج پاکستان کیلئے تحفہ ہے جو ملک کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ محبت اور بھائی چارے کی نئی مثال قائم کردی ہے، سعودی سر مایہ کاری سے پاکستان کو بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری جیسے مسائل سے بھی نجات حاصل کرنے میں مدد ملے گی ، پاکستان کی ترقی اور استحکام ملک دشمن طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہا مگر ہم ملک دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست دیں گے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی دیانتدار اور مخلص قیادت میں حکومت کی گڈ گورننس کی وجہ سے عالمی دنیا پاکستان کے قریب آ رہی ہے اور غیر ملکی سر مایہ کاری میں اضافہ بھی حکومت کی کامیاب اور موثر پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کیلئے بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے اور آج پاکستان کا بچہ بچہ سعودی عرب کیساتھ تعلقات پر فخر کرتا ہے، سعودی عرب ہی وہ واحد ملک ہے کہ جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل وقت آیا توسب سے پہلے سعودی عرب نے آگے بڑھ کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اربوں ڈالرز کی پاکستان میں سر مایہ کاری بھی سعودی عرب کا پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کی ناکام پالیسوں کی وجہ سے پاکستان معاشی مسائل کا شکار رہا مگر جب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے ہم ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے عارضی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں جسکی وجہ سے ملک معاشی طور پر بڑی تیزی کیساتھ مضبوط ہو رہا ہے۔