ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد میں ایم ایس ڈاکٹر عامر اسرار کا سرپرائز وزٹ، غفلت برتنے پر تین ملازمین معطل

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ایبٹ آباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر اسرار نے ہسپتال کے سرپرائز وزٹ کے دوران کام سے غفلت برتنے پر تین ملازمین کو معطل کر دیا

ایبٹ آباد۔ 19 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ایبٹ آباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر اسرار نے ہسپتال کے سرپرائز وزٹ کے دوران کام سے غفلت برتنے پر تین ملازمین کو معطل کر دیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، حاضری کو 100 فیصد یقینی بنانے اور ہسپتال کے نظام میں بہتری لانے کے پختہ عزم کے تحت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر اسرار نے صبح سویرے نائٹ اور مارننگ شفٹ کی تبدیلی کے حساس وقت پر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورہ کے دوران ڈی ایم ایس ڈاکٹر راحیل کے علاوہ مارننگ شفٹ کے دوران ڈی ایم ایس ڈاکٹر عاطف حسین اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر ارم صدیق بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں جنہوں نے ایم ایس کے ساتھ مل کر پورے ہسپتال کا جامع راؤنڈ کیا۔ دورہ کے دوران ایم ایس نے خود نائٹ اور مارننگ سٹاف کی حاضری چیک کی اور ہسپتال کے چپے چپے کی صفائی ستھرائی کا باریک بینی سے جائزہ لیا، صفائی کے نظام میں غفلت اور لاپرواہی ثابت ہونے پر ایم ایس نے فوری اور سخت قدم اٹھاتے ہوئے تین ملازمین کو معطل کر دیا۔ علاوہ ازیں دورہ کے دوران انہوں نے مختلف شعبہ جات کے ایچ او ڈیز کے ساتھ بھی تفصیلی میٹنگ کی جس میں ہسپتال کے امور اور درپیش چھوٹے موٹے مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ انتظامیہ کی طرف سے دو ٹوک الفاظ میں سخت احکامات جاری کئے ہیں کہ ہسپتال کے اندر ڈیوٹی اور صفائی کے معاملات میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔