وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان سٹیل ملز سے متعلق نیب کیسز میں زیر تفتیش عملہ کے نام ای سی ایل میں ڈالنے جبکہ ملک میں کھاد کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے لئے یوریا پلانٹس کی اکتوبر تک پیداوار جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ ای سی سی کا اجلاس منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی …

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان سٹیل ملز سے متعلق نیب کیسز میں زیر تفتیش عملہ کے نام ای سی ایل میں ڈالنے جبکہ ملک میں کھاد کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے لئے یوریا پلانٹس کی اکتوبر تک پیداوار جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ ای سی سی کا اجلاس منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار نے پاکستان سٹیل ملز سے متعلق نیب کے کیسز پر پیشرفت کی صورتحال کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔ ای سی سی نے ہدایت کی کہ زیر تفتیش اہلکاروں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس نے وزارت تجارت کی خوردنی اشیاء کی درآمد کے لئے لیبلنگ کی ضروریات میں ضروری اضافے کے متعلق تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے ای سی سی کو ملک میں یوریا اور ڈی اے پی کھادوں کی طلب و رسد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ای سی سی نے ملک میں کھادوں کی وافر سپلائی یقینی بنانے کے لئے اکتوبر 2019ء تک یوریا پلانٹس کو فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ای سی سی نے وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی تاکہ بندرگاہوں پر کارگو کی جلد کلیئرنس کے حوالے سے تجاویز تیار کی جا سکیں۔ علاوہ ازیں ای سی سی نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو افرادی قوت کی ترقی اور برآمد کے بارے میں ٹھوس تجاویز پیش کرے گی۔

Leave a Reply