اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) چین نے پاکستان اور بھارت سے کہا ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام تصفیہ طلب امور کے حل کیلئے جلد از جلد مذاکرات کا آغاز کریں۔ یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چنگ شوانگ نے منگل کو پریس بریفنگ میں کہی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جنوبی ایشیاء کے اہم ممالک ہیں، دونوں …
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چنگ شوانگ کی پریس بریفنگ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) چین نے پاکستان اور بھارت سے کہا ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام تصفیہ طلب امور کے حل کیلئے جلد از جلد مذاکرات کا آغاز کریں۔ یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چنگ شوانگ نے منگل کو پریس بریفنگ میں کہی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جنوبی ایشیاء کے اہم ممالک ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں استحکام علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے ضروری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں صورتحال عمومی طور پر مستحکم ہے، یہ صورتحال مشکل سے بنائی گئی ہے اور اسے برقرار رکھنا تمام متعلقہ فریقوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام تصفیہ طلب امور کے حل کیلئے مذاکرات کا جلد از جلد آغاز کریں گے۔ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کو خوشی ہے کہ پاکستان سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ تبادلوں اور تعاون کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا پائلٹ پراجیکٹ ہے، چین باہمی استفادہ کیلئے مشاورت اور تعاون میں پرعزم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کادورہ کیا۔ اس دورے کے دوران چین اور پاکستان نے راہداری کی تعمیر میں تیسرے فریق کی شرکت پراتفاق کیا تھا، اس اقدام کا مقصد یہ تھا کہ راہداری سے نہ صرف چین اور پاکستان کے عوام کو فائدہ پہنچے بلکہ علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ ترقی کے مشترکہ ہدف کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مشاورت اور اتفاق رائے کی بنیاد پر تیسرے فریق کے تعاون کیلئے تیار ہے۔








