وزیراعظم عمران خان کی ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کےلئے ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں بلدیاتی نمائندے بااختیار اور براہ راست عوام کو جوابدہ ہوں گے، گیس بلوں کے حوالہ سے موصول شدہ شکایات کی تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی …

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کےلئے ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں بلدیاتی نمائندے بااختیار اور براہ راست عوام کو جوابدہ ہوں گے، گیس بلوں کے حوالہ سے موصول شدہ شکایات کی تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، سیّد فخر امام، ظہور حسین قریشی، احمد حسین ڈاہر، ملک محمد عامر ڈوگر، مخدوم زین حسین قریشی، محمد ابراہیم خان، میاں محمد شفیق، طاہر اقبال اور اورنگزیب خان کھچی بھی شریک تھے۔ ارکان اسمبلی نے حکومت کی صحت، تعلیم، غربت کے خاتمہ اور کم آمدن افراد کےلئے گھروں کی تعمیر کے منصوبوں اور مختلف دیگر شعبوں کےلئے کی جانے والی اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں ٹیوب ویل کےلئے بجلی کے نرخوں میں کمی، ٹریکٹر کی قیمت میں کمی جیسے اقدامات سے کسانوں کےلئے فی ایکڑ پیداواری لاگت میں 2500 سے 3 ہزار روپے کمی آئی ہے جس سے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں ہسپتالوں کا دورہ کریں تاکہ سرکاری ہسپتالوں سے علاج کرانے والوں کو میعاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کو مستحکم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت زراعت کے شعبہ میں جدت اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کےلئے کاشتکاروں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیرِاعظم کو انتظامیہ کے حوالہ سے عوام کی شکایات سے آگاہ کیا۔ گیس اور بجلی کے حوالہ سے عوام کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ گیس بلوں کے حوالہ سے موصول شدہ شکایات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے منتخب نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے سلسلہ میں متحرک کردار ادا کریں۔

Leave a Reply