اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) قومی سلامتی کمیٹی نے بالاکوٹ کے قریب مبینہ دہشت گرد کیمپ کو ہدف بنانے اور بھاری جانی نقصان کے بھارتی دعوﺅں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر بھارتی حکومت نے ناعاقبت اندیش خود ساختہ، فرضی اور جھوٹے دعویٰ کا سہارا لیا ہے۔ بھارت نے بلا جواز جارحیت کا ارتکاب کیا ہے اور پاکستان جوابی کارروائی کے لئے …
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) قومی سلامتی کمیٹی نے بالاکوٹ کے قریب مبینہ دہشت گرد کیمپ کو ہدف بنانے اور بھاری جانی نقصان کے بھارتی دعوﺅں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر بھارتی حکومت نے ناعاقبت اندیش خود ساختہ، فرضی اور جھوٹے دعویٰ کا سہارا لیا ہے۔ بھارت نے بلا جواز جارحیت کا ارتکاب کیا ہے اور پاکستان جوابی کارروائی کے لئے وقت اور جگہ کا تعین خود کرے گا۔ مسلح افواج اور پاکستان کے عوام ہر قسم کے حالات کے لئے تیار رہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منگل کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا جس میں وزراءبرائے خارجہ، دفاع، خزانہ، چیئرمین جوائنٹس چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف نیول سٹاف، پاک فضائیہ کے سربراہ اور دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بھارت میں انتخابی ماحول کے لئے کیا گیا جس نے خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ جس علاقے میں حملے کا دعویٰ کیا گیا ہے وہ دنیا کے لئے کھلا ہے تاکہ وہ حقائق جان سکے۔ اس کے لئے ملکی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو اس مقام پر لے جایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت نے بلا جواز جارحیت کا ارتکاب کیا ہے، پاکستان جوابی کارروائی کے لئے وقت اور جگہ کا تعین خود کرے گا۔ قوم کو اعتماد میں لیتے ہوئے حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے 27 فروری 2018ءکو نیشنل کمانڈ اتھارٹی (این سی اے) کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مسلح افواج اور پاکستان کے عوام سمیت قومی قوت کے عناصر ہر قسم کے حالات کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے خطے میں بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسی کو بے نقاب کرنے کے لئے عالمی قیادت سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے جان و مال کے کسی نقصان کے بغیر بھارتی کوشش پسپا کرنے کے لئے پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر جوابی کارروائی کو سراہا۔








