اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) بھارتی فضائیہ طیاروں کی لائن آف کنڑول کی خلاف ورزی پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مودی سرکار خطہ میں اشتعال انگیزی اور دیگر تخریبی حربے استعمال کرکے اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب نہیں ہو سکتی، بھارت پر جنگی جنون سوار ہے مگر بھارت اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ اپنے ایک بیان میں …
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا بھارتی جارحیت پر بیان

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) بھارتی فضائیہ طیاروں کی لائن آف کنڑول کی خلاف ورزی پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مودی سرکار خطہ میں اشتعال انگیزی اور دیگر تخریبی حربے استعمال کرکے اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب نہیں ہو سکتی، بھارت پر جنگی جنون سوار ہے مگر بھارت اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع میں پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو گی اور مملکت خدا داد کے تحفظ کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ایوان بالا بھارت کے بزدلانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیزی اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خطہ کے امن کو مودی سرکار سے خطرات لاحق ہو چکے ہیں، مودی سرکار انتخابات میں کامیابی کیلئے اندھی ہو چکی ہے اور تخریبی کارروائیوں کے ذریعے عوام کی ہمدردی حاصل کرنا چاہتی ہے جس کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بھارتی دراندازی پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خطہ پر جنگ مسلط کرکے اپنے مذموم مقاصد میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتا، مودی سرکار اپنی قوم کو بےوقوف بنا رہی ہے اور جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہونے کی بجائے اپنے ملک سے غربت اور افلاس ختم کرے۔ قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سیّد شبلی فراز نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، افواج پاکستان ملکی دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار انتخابات جیتنے کے لالچ میں خطہ کا امن تہہ و بالا نہ کرے اور پاکستان کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے۔ قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ پوری قوم بھارتی انتہا پسندی اور غیر ذمہ دارانہ اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کا غلط مطلب نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور ادارے بھارت کے جنگی جنون سے خوفزدہ ہونے والے نہیں۔








