اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پائیدار پالیسیوں کی بدولت مجموعی اقتصادی اشاریے مثبت نمو کو ظاہر کر رہے ہیں، گذشتہ حکومت کی جانب سے ہمیں ورثہ میں کمزور معیشت ملی تاہم سپلیمنٹری بل 2018ءکو متعارف کرانے کے بعد ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ وہ منگل کو قومی …
وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور کے اجلاس میں اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پائیدار پالیسیوں کی بدولت مجموعی اقتصادی اشاریے مثبت نمو کو ظاہر کر رہے ہیں، گذشتہ حکومت کی جانب سے ہمیں ورثہ میں کمزور معیشت ملی تاہم سپلیمنٹری بل 2018ءکو متعارف کرانے کے بعد ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ وہ منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور کے اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین فیض اﷲ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا۔ وزیر مملکت نے قائمہ کمیٹی نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 2.7 فیصد تک بڑھا جو اس سے پچھلے مالی سال کے اسی عرصہ میں 2.3 فیصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی محصولات وصولی میں جولائی تا جنوری 2018-19ءکے دوران 3.2 فیصد کی نمو رہی اور اس دوران 2058.195 ارب روپے جمع ہوئے جبکہ اس سے پچھلے سال اسی عرصہ میں 1995.146 ارب روپے جمع ہوئے تھے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے اور محصولات میں اضافہ کی حکمت عملی کے پیش نظر ایف بی آر کے ٹیکس پالیسی اور انتظامی شعبوں کو الگ الگ کیا گیا ہے جبکہ بیرونی اثاثوں کیلئے خصوصی ٹیکس یونٹ کے قیام کے علاوہ ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لانے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے مختلف اصلاحاتی پروگراموں بالخصوص ریلویز، پی آئی اے، زیڈ ٹی بی ایل اور ایچ بی ایف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ جلد نتائج دینا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 12.22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کو بڑھنے سے روکنے میں مدد ملی ہے، موجودہ حکومت ملک میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار بنانے پر توجہ دیئے ہوئے ہے جبکہ اس حوالہ سے بین الاقوامی سطح پر بھی متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں روس کے ساتھ آف شور گیس پائپ لائن کا معاہدہ کیا ہے، اسی طرح سعودی عرب نے بھی گوادر میں نئی آئل ریفائنری قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، ان اقدامات سے ملک میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری بڑھے گی۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی احسن اقبال، عائشہ غوث پاشا، سیّد نوید قمر، حنا ربانی کھر، نصرت جاوید، فہیم خان، علی پرویز اور وزارت خزانہ و ریونیو کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔








