وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا سپیئریئر یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب

لاہور۔ 2 مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے،آج متحد پاکستان کا مقابلہ تقسیم شدہ ہندوستان کے ساتھ ہے،تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ساری پارلیمان نے کھڑے ہو کر حکومتی پالیسی پر اعتماد کیا،کل کے اقدام سے وزیر اعظم نے پیغام دیا ہے کہ ہم امن چاہتے …

لاہور۔ 2 مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے،آج متحد پاکستان کا مقابلہ تقسیم شدہ ہندوستان کے ساتھ ہے،تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ساری پارلیمان نے کھڑے ہو کر حکومتی پالیسی پر اعتماد کیا،کل کے اقدام سے وزیر اعظم نے پیغام دیا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں اورساری دنیا نے ہمارے موقف کی حمایت کی ہے، سعودی عرب، ترکی، ایران اور قطر سمیت دیگر کئی ممالک ہماری پشت پر کھڑے ہیں،وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پاکستان کی پالیسی بیان کی تھی کہ ہم افغانستان کو مستحکم اور بھارت سے نارمل تعلقات چاہتے ہیں،وہ ہفتہ کے روز ایکسپو سنٹر میں سپیئریئر یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیئر مین سپیئریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن، ریکٹر یونیورسٹی ڈاکٹر سمیرا رحمان ، فیکلٹی ممبران ، طلباءو طالبات اور والدین کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل کتنا روشن ہے کہ ہماری 64 فیصد آبادی 35 سال سے کم ہے لیکن اس کے باوجود ہم جنگ میں دلچسپی نہیں رکھتے،اس وقت جوش سے زیادہ ہوش کی ضرورت ہے،ہر سال لاکھوں طلباءڈگریاں حاصل کر رہے ہیں ، ان کو روزگار اور مضبوط معیشت حکومت نے مہیا کرنا ہے اور اس کیلئے ہمیں گروتھ ریٹ کو 6 اور 7 پر لیکر جانا ہے ورنہ بیروزگاری میں اضافہ ہوگا اسی لئے ہم جنگ کے حامی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، کل حکومت نے جو اقدام اٹھایا اس سے ظاہر ہے کہ ہماری ترجیحات کیاہیں‘ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں جو ویژن دیاتھا کہ ہم افغانستان کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اور بھارت کے ساتھ نارمل تعلقات چاہتے ہیںکیونکہ جب بھی افغانستان میںحالات خراب ہوتے ہیںتو پاکستان میں بھی حالات خراب ہو جاتے ہیں جس سے پختونوں کا نقصان ہوتا ہے اوراگر بھارت کے ساتھ حالات خراب ہوتے ہیں تو وہاں کشمیری اور پنجابیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ہمارے دل ساری قومیتوں کیلئے دھڑکتے ہیں اسی لئے آج پاکستان متحد ہے جبکہ ہندوستان تقسیم ہو چکاہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حالیہ ایشو پر ساری پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر حکومتی پالیسی پراعتماد کیا اور ثابت کیا کہ پاکستان کے سیاستدان اور لیڈر شپ کتنی میچور ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی میڈیا نے مثبت کردار ادا کرکے ثابت کیا کہ وہ بھارتی میڈیا کے مقابلے میں کتنا آگے ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں بھی کچھ لوگ جنگ نہیں چاہتے اسی لئے اکیس سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہوا ہے جنہوں نے مودی سے پوچھاہے کہ جنگ کی صورتحال پیدا کرکے کیا نتیجہ نکلا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہماری قیادت نے پیغام دیا ہے کہ ہم تین جنگیں لڑ چکے ہیںاور چوتھی بھی لڑ لیں گے اگر آپ ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں تو ہم بھی آپ کو کمزور کرینگے لیکن جنگیں مسائل کا حل نہیں ہیںاس کیلئے مل بیٹھ کر ہمیں کوئی نتیجہ نکالنا ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت کو پیغام دیا ہے کہ اپنا مائنڈسیٹ بدلیںاور سوچیں کہ پلوامہ جیسا سانحہ کیوں ہوا ‘ وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت کشمیر کو ایک علاقہ کے طور پر دیکھتا ہے جبکہ ہماراکشمیریوں سے خون کارشتہ ہے‘ کشمیر کیلئے ہم نے تین جنگیں لڑیں‘ کشمیر میں ظلم ہوتاہے تو اس کا درد ہمیں محسوس ہوتا ہے‘ اس لئے اس مسئلے کا حل کرنا پڑیگااس کے بغیر ہم آگے نہیں جاسکتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پیغام دیاہے کہ آیئے مل بیٹھ کر گفتگو کیجئے ،پوری دنیانے ہمارے اس موقف کی حمایت اور تائید کی ہے‘ او آئی سی میں نہیں جارہے لیکن ایران‘ سعودی عرب‘ قطر اور دیگر ممالک ہماری پشت پرکھڑے ہیں اسی لئے کل سعودی وزیر خارجہ پاکستان آرہے ہیں‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے‘ ہزاروں بچے مختلف جامعات سے پڑھ کرفارغ التحصیل ہو رہے ہیں‘ حکومت کو انہیں روزگار بھی دینا ہے‘ پاکستان کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے، پاکستان کا مستقبل آپ جیسے پڑھے لکھے نوجوان ہیں‘ اگر آپ کا مستقبل روشن ہے تو پاکستان کا مستقبل بھی روشن ہو گا۔

Leave a Reply