اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) صحت مند پاکستان سے خوشحال پاکستان کا خواب پورا ہوگا، وفاقی دارالحکومت میں ہیلتھ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کے دوران ایک لاکھ افراد کی سکینگ کی جائے گی تاکہ ہیپاٹائٹس اور ٹی بی جیسے امراض کا خاتمہ کیا جاسکے، اس کے بعد پورے شہر کے لوگوں کی سکینگ اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود …
وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی کا سپورٹس کمپلیکس میں ”پیڈل فار ہیلتھ“ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) صحت مند پاکستان سے خوشحال پاکستان کا خواب پورا ہوگا، وفاقی دارالحکومت میں ہیلتھ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کے دوران ایک لاکھ افراد کی سکینگ کی جائے گی تاکہ ہیپاٹائٹس اور ٹی بی جیسے امراض کا خاتمہ کیا جاسکے، اس کے بعد پورے شہر کے لوگوں کی سکینگ اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی نے اتوار کو یہاں سپورٹس کمپلیکس میں ”پیڈل فار ہیلتھ“ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسلام آباد کو ماڈل شہر بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات، بین الاقوامی معیار کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو ماڈل شہر بنانے کا بنیادی مقصد یہ ہے تاکہ ملک کے دیگر شہر اور صوبے اس کی تقلید کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قومی صحت ہیلتھ سٹی کے منصوبے کو اولیت دے رہی ہے تاکہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں آنے سے پہلے صحت کے شعبے میں کام کیا اور شوکت خانم جیسا جدید ترین ہسپتال قائم کیا جہاں پر 80 فیصد سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئے پاکستان کی جانب گامزن ہیں اور ہم اپنی باتوں کے پیچھے نہیں چھپیں گے بلکہ کام کرکے دکھائیں گے اور دو ماہ کے اندر صحت کے شعبے میں بنیادی تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قومی صحت کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے وزارت کے ماتحت تمام اداروں کی تشکیل نو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو وزیراعظم عمران کی صحت اور سچائی کی تقلید کرنی چاہئے تاکہ صحت مند پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد صحت مند ہوگا تو پورا ملک صحتمند ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2023ءتک پورے ملک کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل ہوگی جس میں غریبوں کو فوقیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ”پیڈل فار ہیلتھ “کے تصورکا بنیادی مقصد وفاقی دارالحکومت میں صحتمندانہ سرگرمیوں کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ بہترین ورزش ہے جس سے کئی قسم کی غیر متعددی امراض سے بچا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امراض دل کے ماہرین نے کہا کہ گزشتہ چند سال کے دوران غیر متعدی امراض کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ لائیو سٹائل کی تبدیلی اور دماغی دباﺅ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ اور سادہ خوراک سے غیر متعدی امراض سے بچا جاسکتا ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیراعظم کے مشیر برائے میڈیا افتخار درانی، ہنگری، آزربائیجان، پولینڈ، ڈنمارک اور ہالینڈ کے سفرائ، ایف اے او کی پاکستان میں سربراہ سمیت سفارتی نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ”پیڈل فار ہیلتھ تقریب کا انعقاد وزارت قومی صحت نے ڈیوس فارما، اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن، بائیو لیبز اور پیرا ماﺅنٹ فارما سیوٹیکل کے باہمی اشتراک سے کیا تھا۔ جس کا مقصد نہ صرف وفاقی دارالحکومت میں سائیکلنگ کے رجحان کا فروغ ہے بلکہ پورے ملک میں سائیکلنگ کا فروغ ہے۔ سائیکلنگ سے مختلف غیر متعدی امراض سے بچا جاسکتا ہے۔ تقریب کے اہتمام پر وفاقی وزرائ، وزیر اعظم کے مشیر اور سفارتکاروں نے سائیکلنگ بھی کی جبکہ اس موقع پر حالیہ شجرکاری مہم کے سلسلہ میں انہوں نے پودے بھی لگائے۔ اس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے سائیکل کے انعامات جیتنے والے خوش نصیبوں میں سائیکل بھی تقسیم کئے گئے جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں سائیکلنگ کے رجحان کو فروغ دینا ہے تاکہ شہر میں صحت مندانہ سرگرمیوں میں اضافہ کیا جاسکے جس سے غیر متعدی امراض کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔








