وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، موجودہ صورتحال پر بھی پاکستان نے ذمہ داری کا ثبوت دیا کیونکہ ہم تو جنگ چاہتے ہی نہیں بلکہ تمام تصفیہ طلب معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، ہماری امن کی کوششوں کو دنیا بھر نے سراہا ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان …

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، موجودہ صورتحال پر بھی پاکستان نے ذمہ داری کا ثبوت دیا کیونکہ ہم تو جنگ چاہتے ہی نہیں بلکہ تمام تصفیہ طلب معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، ہماری امن کی کوششوں کو دنیا بھر نے سراہا ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بھارتی گرفتار پائلٹ کی فی الفور رہائی کا فیصلہ، پاکستانی ہائی کمشنر کا دہلی روانہ ہونا جس کے جواب میں بھارت کو بھی اپنے ہائی کمشنر کو پاکستان بھیجنا پڑا، 14 مارچ کو کرتار پور کوریڈور پر دونوں ممالک کے آفیشلز کا مل بیٹھنا اور اس کوریڈور پر مزید گفت و شنید کرنے کا فیصلہ ایسے اقدامات ہیں جنہیں دنیا بھر سے پذیرائی ملی ہے جس سے کشیدگی کی فضا بھی قدرے بہتر ہوئی ہے لیکن بھارت کی جانب سے ابھی خطرہ ٹلا نہیں، اس کے علاوہ دونوں اطراف میں ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹوریٹس کا ہفتہ وار گفتگو کا جاری رہنا بھی بہت مثبت اقدامات ہیں جن کو دنیا نے بھی سراہا ہے جس سے کشیدہ صورتحال میں کمی واقع ہوئی ہے، بھارتی گرفتار پائلٹ کو رہا کرنے سے امن کے قیام کے لیے پاکستانی موقف کو تقویت ملی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میری امریکہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جان مولٹن سے ٹیلی فونک بات چیت ہوئی ہے جس میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور میں نے بھارتی جارحیت پر اپنے خدشات اور تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے جس پر انہوں نے اس ساری صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت سیکرٹری مائیک پومپیئو کو بھی موجودہ صورتحال پر کافی تشویش ہے جو سارے معاملے کو بڑی سنجیدگی سے دیکھ رہے تھے اور ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات مزید کشیدہ ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں مودی سرکار کی نفسیات کو سامنے رکھتے ہوئے ابھی خدشہ تو موجود ہے لیکن حالات بہتری کی طرف جاتے دکھائی دے رہے ہیں اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا یہ بیان کہ ہم مذید کشیدگی نہیں چاہتے میں اسے بھی مثبت پیرائے میں ہی لیتا ہوں کیونکہ ہم امن چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت جو کہتا تھا کہ کشمیر کا کوئی مسئلہ ہی نہیں بلکہ وہ اسکا اٹوٹ انگ ہے، وہ مسئلہ کشمیر جسے بھارت شروع دن سے ہی انٹرنیشنلی نہیں کرنا چاہ رہا تھا لیکن آج بھارت بھر میں تو انتخابات ہو رہے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں نہیں ہو رہے، مودی سرکار کے جارحانہ عزائم اور ان کی حماقتوں سے اب مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر مکمل طور پر اجاگر ہو چکا ہے اور دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے حل کی باتیں ہو رہی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انتخابات نہ کرا کے بھارت خود دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ وہاں حالات معمول پر نہیں ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہم نے بہترین سفارتکاری کا مظاہرہ کیا اور سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین سمیت دیگر دوست ممالک نے اس کشیدگی میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا لیکن امریکا جو بھارت کا اسٹریٹجک پارٹنر بھی ہے اور ان دونوں ممالک کے مفادات بھی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اس لیے بھارت کے ساتھ کشیدگی میں کمی میں امریکا نے بھی انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے، میں نے بھارتی جارحیت سمیت تمام صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی خط لکھا جس پر انہوں نے، یورپی یونین نے اور روس نے بھی اپنا کردار ادا کیا اور پاک بھارت کشیدہ صورتحال میں کمی آئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھانے کا جو وعدہ کیا تھا ہم اس کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں اور انشااللہ وہ دن دور نہیں جب سبز پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت کی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت کے دور میں پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ یں شامل ہو چکا تھا، ہم پاکستان کو اس گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے کوشاں ہیں، بھارت تو پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں دھکیلنے کے لیے کوششیں کرتا رہا لیکن اسے ناکامی ہوئی لیکن ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے اور بلیک لسٹ ہونے سے بچنے کے لیے ہمیں مثبت کوششیں کرنی ہوںگی کیونکہ پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں جانے سے ملکی معیشت پر بہت برا اثر پڑے گا اور پاکستان کی اقتصادی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بالکل درست سمت پر گامزن ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔

مزید خبریں

Leave a Reply