وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا نسٹ میں شجرکاری کے موقع پر تقریب سے خطاب

77

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ڈو مور کی باتیں ماضی کا حصہ بن گئیں، اب پاکستان کو کوئی حکم نہیں دے سکتا، سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور ملکی دفاع اور تحفظ کے لئے سب متحد ہیں، پاکستان عظیم ملک بننے جا رہا ہے، سب کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار کی اور آنے والی نسلوں کی زندگیاں دائو پر لگا دیں اور مستقبل کے چیلنجز کو نظر انداز کر دیا، شجرکاری مہم کامیابی سے جاری ہے، اسلام آباد میں دس لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔ بدھ کو نسٹ میں شجرکاری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں شجرکاری اور بلین ٹری منصوبے کا آغاز کیا تو مذاق اڑایا گیا لیکن آج اس کی اہمیت کو محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں شجرکاری مہم کامیابی سے جاری ہے، ماحولیاتی آلودگی سے پوری دنیا متاثر ہے، دنیا میں یہ بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے، ماضی کی حکومتوں نے مستقبل کے چیلنجز کو نظر انداز کیا اور صاف پانی، آبی ذخائر میں کمی، اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسئلوں پر قابو پانے کے لئے تدابیر اختیار نہیں کیں، جس سے آنے والی زندگیاں دائو پر لگ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 10 لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔