اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد بن عبدالرحمن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، عالمی برادری اور او آئی سی کے رکن ممالک کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں، مسلم امہ کو اس وقت اپنے تاریخی، اسلامی ورثہ کے تحفظ کا …
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد بن عبدالرحمن کا دو روزہ ”کشمیر کی اسلامی تاریخ، ثقافت اور ورثہ بین الاقوامی کانگریس“ کے نام تحریری پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد بن عبدالرحمن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، عالمی برادری اور او آئی سی کے رکن ممالک کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں، مسلم امہ کو اس وقت اپنے تاریخی، اسلامی ورثہ کے تحفظ کا چیلنج درپیش ہے، اس حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں دو روزہ ”کشمیر کی اسلامی تاریخ، ثقافت اور ورثہ بین الاقوامی کانگریس“ کے نام اپنے تحریری پیغام میں کیا، یہ پیغام سیکرٹری جنرل او آئی سی کے نمائندہ نے پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، وفاقی وزیر برائے تعلیم، قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود، ڈائریکٹر جنرل او آئی سی ریسرچ سنٹر فار اسلامک ہسٹری، آرٹ اینڈ کلچر پروفیسر حالید ایرن اور سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن نے بھی خطاب کیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے عالمی کانگریس کے انعقاد پر حکومت پاکستان، آزاد جموں و کشمیر حکومت اور او آئی سی ریسرچ سینٹر کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس سے اسلامی تاریخی ثقافت و ورثہ کو محفوظ بنانے اور اس کی ترویج کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو اس وقت اپنے تاریخی، اسلامی ورثہ کے تحفظ کا چیلنج درپیش ہے، مختلف ریاستوں بالخصوص فلسطین، عراق، افغانستان اور لیبیا میں اس تاریخی ورثہ کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ او آئی سی اسلامی تاریخی ثقافت و ورثہ کے تحفظ کی کوششوں میں رکن ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا ورثہ اسلامی ثقافت کا نمونہ ہے، اس کے تحفظ و فروغ کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اسلامی تاریخی، ثقافت و ورثہ و مقدس مقامات کو نقصان پہنچانے کی مذمت کی ہے۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ امن کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، عالمی برادری اور او آئی سی کے رکن ممالک کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اورانہیں حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے متعلق رپورٹ میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن مسئلہ کشمیر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن حل سے ممکن ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تنازعات اور بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات بہت اہم ہیں، عالمی برادری کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔








