سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کابلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے دفتر کا دورہ
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کابلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے دفتر کا دورہ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 22 ستمبر (اے پی پی):سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری تعلیمی اقدامات اور مختلف اسکالرشپ اسکیمز کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔اس موقع پر بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا استقبال کیا اور انہیں ادارے کے مختلف امور، اسکالرشپ پروگرامز اور طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہیں بتایا گیا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ صوبے کے باصلاحیت، مستحق اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اسکالرشپ پروگرامز پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ ان پروگرامز کا مقصد مالی معاونت کے ذریعے طلبہ کے تعلیمی سفر کو جاری رکھنے اور اعلی تعلیم کے حصول کے مواقع کو بہتر بنانا ہے ۔ اس موقع پر ادارے کی مختلف اسکالرشپ اسکیمز اور ان کے دائرہ کار کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ مکمل مالی معاونت پر مبنی ضلعی ٹاپر اسکالرشپ کے تحت ہر ضلع کی سطح پر نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مکمل مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم کو مزید آگے بڑھا سکیں۔
ٹرانس جینڈر اسکالرشپ کے ذریعے ٹرانس جینڈر طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور ان کی تعلیمی ضروریات میں معاونت کے لیے وظائف دیے جاتے ہیں جبکہ سول شہدا اسکالرشپ کے تحت سول شہدا کے بچوں کو تعلیمی معاونت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ مالی مشکلات کے بغیر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی جانب سے طلبہ کے لیے جاری مختلف اسکالرشپ پروگرامز اور تعلیمی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا صوبے کے روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی وظائف کی فراہمی میں میرٹ، شفافیت اور مستحق طلبہ تک رسائی کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا اور ادارے کے انتظامی و تعلیمی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت اور اسکالرشپ پروگرامز کے حوالے سے ادارے کی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے افسران اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ادارے کی موجودہ سرگرمیوں، اسکالرشپ پروگرامز اور بلوچستان کے طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی مواقع کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔







