اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے پہلے مرحلے میں بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک لاکھ 29 ہزار اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رواں ماہ رکھیں گے۔ بلوچستان میں کوئٹہ اور گوادر میں ایک لاکھ10 ہزار جبکہ اسلام آباد کے 4 مختلف منصوبوں کے تحت 19 ہزار اپارٹمنٹس پہلے مرحلے میں تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز …
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبہ کے تحت ہاﺅسنگ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے پہلے مرحلے میں بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک لاکھ 29 ہزار اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رواں ماہ رکھیں گے۔ بلوچستان میں کوئٹہ اور گوادر میں ایک لاکھ10 ہزار جبکہ اسلام آباد کے 4 مختلف منصوبوں کے تحت 19 ہزار اپارٹمنٹس پہلے مرحلے میں تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس کا فیصلہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبہ کے تحت ہاﺅسنگ منصوبوں پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت بلوچستان کے دو شہروں کوئٹہ اور گوادر میں ایک لاکھ دس ہزار جبکہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں چار مختلف منصوبوں میں 19 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ ڈاکٹر عمران زیب خان نے وزیراعظم کو بتایا کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی کے قیام کے لئے مسودہ قانون کابینہ کی کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کو بھجوایا گیا ہے۔ اس میں ہاﺅسنگ سے متعلق قرضوں کی ریکوری کے طریقہ کار، فور کلوژر قانون شامل ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی کے قیام کے لئے تمام ضروری لوازمات اس ہفتے مکمل کر لئے جائیں گے۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ نے وزیراعظم کو بتایا کہ وزارت ہاﺅسنگ حکومت بلوچستان کے ساتھ کوئٹہ میں وحدت کالونی میں پانچ ہزار، گوادر میں 55 ہزار، فشر کالونی 54 ہزار اور صوبے میں دیگر مقامات پر اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر میں تین ہزار یونٹس جبکہ اسلام آباد میں 19 ہزار یونٹس پہلے مرحلے میں تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کو بتایا گیاکہ چکلالہ میں سی ڈی اے کی اراضی پر 30 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر بھی زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ جی 13 اور جی 14 سیکٹر میں پرائم لینڈ پر 6 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لئے بھی کام ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے اس منصوبے میں گہری دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام نہ صرف ہاﺅسنگ کے شعبہ میں طلب و رسد کے درمیان حائل خلیج کو پر کرے گا بلکہ اس سے ملک کی مجموعی شرح نمو میں بھی اضافہ ہو گا، حکومت کی طرف سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تعمیراتی کاروبار میں دی گئی سہولتوں کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی افرادی قوت کے استعمال اور مقامی صنعت میں روزگار کے مواقع سے بڑے پیمانے پر نہ صرف ملازمتیں تخلیق ہوں گی بلکہ تعمیراتی صنعت سے وابستہ تمام شعبوں کو بھی فروغ ملے گا۔








